آسٹریلوی پولیس نے کہا ہے کہ انہیں سڈنی کے ایک شاپنگ سینٹر میں آج بروز ہفتہ معتدد افراد پر چاقو سے حملہ کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد اس علاقے میں پولیس آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ بعد ازاں، اسسٹنٹ پولیس کمشنر انٹونی کک نے بتایا کہ اس واقعے میں کل چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جن میں مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
کک کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سکیورٹی کیمرے کی ایک فوٹیج میں ایک شخص کو شاپنگ سینٹر میں بھاگتے اور زمین پر لیٹے لوگوں پر وار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔اس حملے کے درپردہ مقاصد اب تک واضح نہیں ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملے کی اطلاعات کے بعد ‘بانڈی ویسٹ فیلڈ جنکشن’ نامی شاپنگ مال کو خالی کرا لیا گیا تھا اور وہاں پلیس کارروائی کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر کک نے اس کارروائی کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حملہ آوور نے نو افراد پر جاقو سے وار کیا، جس کے بعد ایک پولیس اہلکار نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ حملہ آور اکیلا تھا اور اب تک اس کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دہشت گردی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
قبل ازیں عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر افرا تفری مچ گئی تھی۔ ان میں سے دو عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انہوں نے گولیاں چلنے کہ آوازیں بھی سنیں۔
اے ایف پی کے مطابق حملے کے بعد کئی افراد ایک گھنٹے تک شاپنگ سینٹر میں موجود ایک سپر مارکیٹ میں پناہ لیے رہے۔