بلوچستان ایک بار پھر شدید بارشوں کے لپیٹ میں، سولر پینل اور فصلیں تباہ، متعدد ہلاکتیں

398
فوٹو: کمانچر بلوچ

بلوچستان کو ایک بار پھر شدید بارشوں کا سامنا ہے۔ گذشتہ دنوں سے جاری بارشوں سے متعدد مقامات پر سڑکیں بہہ گئی، بجلی غائب، گھر تباہ ہوگئے-

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تربت کے علاقے بلیدہ میں شدید بارش اور تیز ہوا کی وجہ سے گھر پر پڑے سولر پینل تباہ ہوئے جبکہ بلیدہ و گردنواح میں شدید بارشوں ژالہ باری اور ہوا کے باعث کھڑی مشینوں کو بھی نقصان پہنچان ہے-

دوسری جانب جیونی مکران کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے مقام پر زیر تعمیر پل کا متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے مکران کے تمام علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے سینکڑوں مسافر پھنس گئے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں-

زمینی رابطہ منقطع ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا، علاوہ ازیں تعمیراتی کام جاری ہے تاہم ابھی تک روڑ کو ٹریفک کے لیے بحال نہیں کیا جاسکا۔

پسنی اور مضافات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش نے شہر کو ڈبو دیا ہے نکاسی آب کا نظام اور سیوریج سسٹم نہ ہونے سے بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہورہا ہے کئی مکانات اور چاردیواریاں منہدم ہو گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے-

ادھر اطلاعات کے مطابق گوادر کے شہری ایک بار پھر بارشوں کے باعث خود کو پانی کے اندر پا رہے ہیں متعدد مقامات پر گوادر میں شہریوں کے مکانات سیلاب کی زد میں آچکے ہیں-

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، پنجگور کے علاقے پروم میں تیز آندھی اور بارشوں سے متعدد مکانوں کی چھتیں گر گئیں اور کسانوں کی سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا جبکہ پنجگور عیسئی میں بجلی کے چھ ٹاور گرنے سے پنجگور کے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے-

گذشتہ روز سے بلوچستان مختلف اضلاع تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کے زد میں ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے پچیس اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی گردی ہے-

بلوچستان میں بارش کے باعث آسمانی بجلی گرنے اور چھت گرنے جیسے واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔چمن اور سوراب کے اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے, قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، پشین اور ڈیرہ بگٹی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایک شخص جاں بحق ہوگیا, ضلع کیچ میں بھی چھت گرنے سے ایک شخص جانبحق ہوگیا۔

‎پشین میں موسلادھار بارش سے 15 مکانات اور پنجگور اور کیچ اضلاع میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثناء کوئٹہ میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ مستونگ، قلات، نوشکی، پشین، خاران، قلعہ عبداللہ اور کچھی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، قلات میں گردو غبار کے ساتھ بارش ہوئی ہے-