پشاور کے علاقے بورڈ بازار میں دھماکہ، دو افراد کی موت

254

پاکستان کے شہر پشاور میں ریسکیو 1122 کے مطابق بورڈ بازار کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل میں دھماکہ ہوا ہے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد کی موت ہوئی ہے۔

اتوار کی صبح ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری کی جائے والی تفصیلات کے مطابق دھماکے کی اطلاع لتے ہیں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ابتدائی و غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل دھماکہ ہوا ہے جس میں دو افراد کی موت ہوئی ہے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

جان سے جانے والوں اور زخمی ہونے والے شخص کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’دھماکے کی جگہ پر ایک تباہ شدہ موٹرسائکل اور ایک مسخ شدہ لاش بھی موجود ہے اور یہی دیکھا جا رہا ہے کہ بارود موٹرسائیکل میں نصب تھا یا خود کش دھماکہ تھا۔‘

دھماکہ پشاور کے بورڈ بازار، جس کو ‘منی کابل’ بھی کہا جاتا ہے کے ناصر بورڈ روڈ پر ہوا ہے۔ بورڈ بازار پشاور میں زیادہ تر کاروبار سے جڑے افراد افغان پناہ گزین ہیں جہاں پر ہر وقت رش رہتا ہے۔