بلوچستان مختلف حادثات میں 13 افراد جانبحق، چار زخمی

447

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں مجموعی طور پر 13 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

روڈ حادثے کا پہلا واقعہ ضلع حب کے تحصیل وندر ناکہ کھارڑی کے قریب پیش آیا جہاں وندر بریدہ کیمپ کے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مزدہ ٹرک اور ہائی روف سوزوکی وین کے مابین تصادم کے نتیجے میں ہائی روف میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو افراد دوران علاج چل بسے.

واقعے میں زخمی دیگر افراد کو کراچی ٹرامہ سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے-

اسی طرح حب چوکی ساکران روڈ حسن پیر جاوید ہوٹل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ فیضان ولد انتخاب علی موٹر سائیکل سوار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 22 سالہ فرحان ولد انتخاب علی اور 21سالہ رجب ولد نثار احمد زخمی ہو گئے جنہیں ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے فوری طور پر جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب پہنچادیا گیا-

جہاں پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا جبکہ ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی، حادثے میں جانبحق ہونے والا شخص کراچی ملیر کا رہائشی تھا۔

مزید برآں ضلع خضدار کے مقام پر کار حادثے میں پنجگور سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔-

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چمن بارڈر کسٹم کے قریب 12 سالہ سیدعلی ولد عبداللہ قوم ملیزئی سکنہ رنگین چوک چمن این ایل سی کے قریب لوڈ ٹرک کی زد میں آکر جان کی بازی ہارگیا-

مزید برآں ضلع لورالائی میں ٹیکٹر ٹرالی سے گر کر اختر محمد ولد بلوچ خان موقع پر جانبحق ہوگیا ہے جسکی نعش کو لورالائی ہسپتال میں ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے-