شمالی وزیرستان: پاکستانی فوج کے پوسٹ پر حملہ، لیفٹننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 اہلکار ہلاک

494

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں مسلح افراد کے حملے میں پاکستان آرمی کا لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کی پوسٹ پر حملہ ہوا ہے۔ جس میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی جب کہ گاڑی کی چیک پوسٹ کو ٹکر کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے، ان خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ خودکش حملوں کے بعد لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے 39 سال کے لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے ہے اور 23سال کےکیپٹن محمداحمد بدر کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر ہلاک ہونے والوں میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حولدار صابر کا تعلق ضلع خیبر، نائیک خورشید کا لکی مروت، سپاہی ناصرکا پشاور، راجہ کا کوہاٹ اور سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

دوسری جانب علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، مزید ہلاکتوں کا امکان ہے جبکہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے۔