تربت: جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج ، شاہراہ بند

299

تربت میں جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سی پیک ایم ایٹ شاہراہ ڈی بلوچ پر دھرنا، لاپتہ افراد کی بازیابی تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ

تربت کے علاقہ آپسر سے مختلف علاقوں میں لاپتہ کیے گئے افراد کی بازیابی کے لیے جمعرات کو متاثرہ فیملی نے دھرنا دے کر ہائی وے کو بند کردیا ہے۔

مظاہرین کے مطابق ان میں عابد علی ولد وشدل سکنہ آپسر کو 21 مارچ 2023، ظریف ولد محمد بخش کو 9 اگست 2023، شعیب ولد لیاقت کو 10 اپریل 2023، حماد نزیر ولد نزیر احمد کو 10 اپریل 2023 اور عدیل اقبال ولد محمد اقبال کو 8 مارچ 2023 کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا گیا۔

مظاہرین کے مطابق ان کی بازیابی کے لیے اس سے پہلے کئی بار احتجاج اور مظاہرے کیے گئے، ضلعی انتظامیہ نے طفل تسلیاں دے کر بازیابی کی امید دلائی مگر انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

مظاہرین نے کا کہنا ہے کہ جب تک ضلعی انتظامیہ ان کی بازیابی یقینی نہیں بنائے گی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ سامی میں تین دن قبل ایک ساٹھ سالہ بزرگ کی گمشدگی کے بعد سی پیک شاہراہ کو بلاک کرکے وہاں گزشتہ دو دنوں سے دھرنا دیا جارہا ہے جس کے باعث شاہراہ بند ہے۔