بلوچستان: نادرا آفس، پولنگ اسٹیشنوں اور پاکستان فوج پر مزید چار حملے

438

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ، واشک، پنجگور اور کیچ میں مزید بم دھماکے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے سریاب میں پولنگ اسٹیشن کے لئے مختص گورنمنٹ سکول کلی احمد خان زئی سریاب پر دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے واشک میں نادرا آفس کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں واشک پریس کلب کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ جبکہ نادرا آفس کو بھی جزوی نقصانات کا سامنا رہا ہے۔

ادھر ضلع کیچ کے علاقے دشت سے اطلاعات ہیں میرانی ڈیم جنگول بازار کے مقام پر الیکشن کے لئے مختص پولنگ اسٹیشن کو بھی دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے بالگتر سے اطلاعات ہیں کہ سہاکی کے مقام پر قائم پاکستانی فوج کے چوکی کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ حالیہ دنوں جتنے بھی حملے ہوئے ان کی ذمہ داری بلوچ مسلح تنظیموں کے اتحاد براس نے قبول کی ہے۔ براس نے اٹھائیس تاریخ سے ابتک 92 حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔