کیچ اور خاران دھماکے، دو لیویز اہلکار ہلاک، دو زخمی

411

بلوچستان کے علاقے خاران اور کیچ میں نامعلوم افراد نے حملہ کرکے دو لیویز اہلکاروں کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کردیا ہے۔ جبکہ کیچ میں نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول کر بیلٹ پیپر اور دیگر سامان جلا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق خاران کے علاقے لجے میں نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشن پر حملہ کرکے دو لیویز اہلکار کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کردیا ہے۔

علاقے میں موبائل نیٹورک سروس معطل ہونے کے باعث دیگر تفصیلات معلوم نہیں ہوسکے۔

دوسری جانب کیچ کے علاقے زامران نیوانو میں نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول کر بلٹ پیپر اور دیگر سامانوں کو جلا دیا ہے۔

اسی طرح کیچ کے علاقے تمپ گومازی کے مقام پر دو مختلف حملوں میں پولنگ اسٹیشن اور فوجی چوکی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دھماکوں کے باعث کشیدہ حالات کے بعد کئی علاقوں میں گھنٹوں گزرنے کے بعد انتخابی عمل شروع نہیں ہوسکے، کئی علاقوں میں گھنٹوں گزرنے کے بعد انتخابی عملہ بھی پہنچ نہ سکا ہے۔

اسی طرح کئی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ اور نیٹورک بھی جزوی طور پر معطل ہوگئے۔

دوسری جانب تربت کے علاقے پٹھان کھور میں قائم پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم سمیت سے دو راکٹ فائر کئے گئے۔ تاہم نقصانات کے حوالے سے تفصیلات تاہم سامنے نہیں آسکے۔