تربت: لاپتہ افراد کو عدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی کے بعد دھرنا موخر

422

بلوچستان کے شہر تربت میں ڈی بلوچ کے مقام پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دو ہفتوں سے جاری دھرنے کو مذاکرات کے نتیجے میں موخر کردیا گیا۔

پولیس افسران اور متاثرہ فیملی کے درمیان تین افراد کی بازیابی اور دیگر تین کے متعلق اطلاع کی فراہمی کی شرط پر دھرنا ختم کردیا گیا۔

ایس ایس پی کیچ اور پولیس افسران کے ساتھ مذاکرات کے بعد ڈی بلوچ پوائنٹ پر گذشتہ دو ہفتوں سے جاری دھرنا موخر کردیا گیا، پولیس افسران نے فوری طور پر تین لاپتہ افراد کی بازیابی اور دیگر تین کو عدالتوں میں پیش کرنے کی تجویز پیش کی جسے مظاہرین نے قبول کیا۔

مظاہرین کے مطابق ایس ایس پی کیچ کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈی بلوچ پوائنٹ پر مظاہرین کے ساتھ مذاکرات میں تجویز پیش کی کہ لاپتہ افراد میں سے تین کو چوبیس گھنٹوں کے اندر بازیاب کیا جائے گا جب کہ دیگر تین نوجوانوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

مظاہرین نے اس شرط پر دھرنا ختم کردیا۔