مشکے: جھڑپوں میں 7 دشمن ہلاک ہوئے، شہید ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں – براس

1088

بلوچ راجی آجوئی سنگر ( براس ) کے ترجمان بلوچ خان نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آواران کے علاقے مشکے میں قابض پاکستانی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں بلوچ راجی آجوئی سنگر کے سرمچاروں نے دشمن فوج کے 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی کردیئے۔

انہوں نے کہا کہ مشکے کے علاقے گُرانڈی زیرہ کوْر کے مقام پر 30 دسمبر 2023 کو قابض پاکستانی فوج نے ایک ڈرون حملے کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کمانڈوز اتار کر ”براس” کے کیمپ کو گھیرنے کی کوشش کی۔ سرمچاروں نے گوریلا حکمت عملی کے تحت مختلف ٹکڑیوں میں بٹ کر دشمن فوج کی پیش قدمی کو روکنے کیلئے ان پر حملے کیئے اور دشمن کو شدید نقصانات سے دوچار کیا۔

ترجمان نے کہا کہ دشمن کے ایک ڈرون حملے میں بلوچ راجی آجوئی سنگر کے تین سرمچار سرور عرف درک، اعظم عرف باسط اورعبدالستار عرف معراج شہید ہوگئے جبکہ دو مقامات پر سرمچاروں کے حملوں میں پاکستانی فوج کے کم از کم 7 کمانڈوز ہلاک ہوگئے۔

بلوچ خان نے کہا کہ اس دوران ‘براس’ کے دو سرمچاروں کینگی عرف مسلم، علی عرف عطاء نے قابض فوج پر حملہ کرکے ان کی پیش قدمی روک کر اپنے دیگر ساتھیوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا، دونوں جانباز ساتھی گھنٹوں اپنی آخری گولی تک دشمن کا مقابلہ کرکے انکی پیش قدمی روکے رکھا۔ دونوں ساتھیوں نے گولیاں ختم ہونے پر اپنے ہاتھوں شہادت کا عظیم مقام اپنے نام کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پانچوں جانباز ساتھیوں کا تعلق براس کے مختلف اتحادی تنظیموں سے تھا۔ شہید سرور عرف درک ولد محمد خان سکنہ مشکے، گجر 2012 سے قومی آزادی کی حصول کیلئے بلوچستان لبریشن فرنٹ سے منسلک تھے۔ اپنی انتھک محنت و قابلیت کے باعث آپ کیپٹن کے رینک پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید اعظم عرف باسط ولد غلام رسول سکنہ مشکے، آچڑین 2013 سے بلوچ قومی آزادی کے حصول کیلئے بلوچستان لبریشن فرنٹ سے منسلک تھے۔ آپ کئی اہم معرکوں میں ساتھیوں کے شانہ بشانہ رہے اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

ترجمان نے کہا کہ شہادت پانے والے ساتھی شہید عبدالستار عرف معراج ولد احمد کا تعلق مشکے کے علاقے نوکجو سے تھا۔ آپ نے بلوچ وطن کی آزادی کی خاطر مسلح مزاحمت کا آغاز 2016 میں بلوچ لبریشن آرمی کے محاذ سے کی۔ آپ کئی اہم تنظیمی معرکوں میں شامل رہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہادت پانے والے سرمچار شہید علی عرف عطا ولد خیر بخش کا تعلق مشکے کے علاقے گجلی سے تھا۔ آپ 2013 سے بی ایل ایف کے کیساتھ منسلک ہوکر بلوچ قومی آزادی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ اس دوران آپ نے کئی مواقع پر اہم معرکوں میں حصہ لیکر دشمن کو دھول چٹائی۔

انہوں نے کہا کہ شہید کینگی عرف مسلم ولد شہید شہیک جان سکنہ مشکے، میہی 2021 سے بلوچستان لبریشن فرنٹ سے منسلک تھے۔ آپ آئی ای ڈی ایکسپرٹ کے طور جانے جاتے تھے۔ آپ کے والد سمیت خاندان کے تیس سے زائد افراد قومی آزادی کی جہد میں شہادت کے مرتبت پر فائز ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ راجی آجوئی سنگر ان جانباز بلوچ سرمچاروں کو عظیم شہادت پر خراج تحسین پیش کرکے اس مصمم عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہید ساتھیوں کے مشن کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچاکر انکے آزاد بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔