خضدار :جبری لاپتہ لیاقت زہری کے اہلخانہ کا اسلام آباد دھرنا آمد

255

لیاقت زہری کے اہلخانہ اسلام آباد میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے میں شرکت کرکے لیاقت کو بازیاب کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں-

تفصیلات کے مطابق 17 نومبر 2023 کو بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل زہری سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست بعد جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے لیاقت زہری ولد صالح محمد کے اہلخانہ کا اسلام آباد آمد، لاپتہ افراد کے دھرنے میں شریک ہوکر لیاقت کی بازیابی کا مطالبہ کررہے ہیں-

اہل خانہ کے مطابق لیاقت زہری ایک دکان دار ہے وہ زہری کے ایک درو دراز علاقے میں اپنے دکان پر بیٹھا ہوا تھا جب متعدد گاڑیوں پر مشتمل ایف سی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دکان پر چھاپہ مار کر لیاقت زہری کو اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد سے ہمیں اسکے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کئے جارہے-

لیاقت زہری کے اہلخانہ کے مطابق وہ مقامی پولیس کے پاس بھی اپنی فریاد لیکر گئے تاہم وہاں سے کچھ نہیں ہوسکا تو ہم نے بلوچستان میں لاپتہ افراد کے تنظیم کو اطلاع دی اور لیاقت کی جبری گمشدگی کے تفصیلات فراہم کئے-

لاپتہ نوجوان کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر لیاقت زہری پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرعام پر لاکر عدالتوں میں پیش کریں اور سزا دیں بصورت دیگر لیاقت زہری کو بازیاب کرکے اہلخانہ کو مزید ازیت سے نجات دلائی جائے-

لیاقت زہری کے اہل خانہ نے حکومت اور انسانی حقوق کے اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ لیاقت زہری کی جبری گمشدگی کے حوالے پاکستانی اداروں سے سوال کرے اور لیاقت زہری کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں-