بی ایس او اسلام آباد دھرنا کی حمایت کرتی ہے۔ بالاچ قادر بلوچ

228

بی ایس او کے چیئرمین بالاچ قادر نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس او قومی تحریک کا حصہ ہوتے ہوئے ریاستی جابرانہ پالیسی کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے اور طلبہ حقوق کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ قومی کونسل سیشن کے دوران طلبہ سیاست پر جمود کے خاتمے کے لیے مختلف زون اور علاقوں میں دورہ جات کا شیڈول ترتیب دیا گیا تھا جس کے تحت بطور چیئرمین پہلے کراچی پھر اوتھل اور اب ضلع کیچ کا دورہ کررہا ہوں، مکران ڈویژن کے دورہ میں میرے ساتھ عاطف بلوچ سی سی ممبر، ایوب بلوچ سی سی ممبر، حاجی گل کوئٹہ زون ڈپٹی آرگنائزر
موجود ہیں اس کے بعد پنجگور کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ بی ایس او تعلیمی اداروں میں سیاسی جمود اور خوف کا خاتمہ کرنے کے لیے کردار ادا کررہی ہے، ہم نے تربت دورہ کے دوران تربت یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن سے ملاقات کرکے ادارہ میں طلبہ سیاست پر بندش، کتب میلہ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں پر بندش سے متعلق بات چیت کی ہے، اس کے علاوہ تمپ کا دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہاکہ بی ایس او نے ہر دور میں طلبہ حقوق کے ساتھ ساتھ بلوچ کے اصل سیاسی و انسانی مسائل پر کردار ادا کی ہے اور اب بھی ہم قومی ایشوز پر سرگرمیوں کا حصہ ہیں، بالاچ مولا بخش کی شھادت کے بعد جو تحریک اٹھی اس کے خلاف کریک ڈاؤن، لانگ مارچ شرکا پر تشدد، ایف آئی آر اور دیگر معاملات پر بی ایس او ہمیشہ ساتھ رہی ہے اور ہمارا ایک واضح موقف رہا ہے، لانگ مارچ کے شرکا کے خلاف اب بھی ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں، ریاست کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار ہے، اوتھل میں ڈرائیور کا قتل افسوس ناک ہے لیکن یہ اس بات کا اظہار ہے کہ بلوچوں کے لیے پالیسی میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بلوچ پرامن طور پر سیاسی حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاری جمہوری سیاست سے مایوسی پھیلانے کی کوشش اور بلوچ کو جان بوجھ کر پرامن احتجاج سے دور کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او اسلام آباد دھرنا کی حمایت کرتی ہے، وفاق بلوچوں کی امید پورا کرکے مطالبات منظور کرے کیوں کہ یہ تمام مطالبات آئین و قانون کے دائرے میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور فیملی کو دھمکی دینا بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، اسلام آباد دھرنا کے خلاف تربت میں ریاستی ریلی اور اسلام آباد میں دھرنا کو کاؤنٹر کرنے کے لیے سرکاری دھرنا بٹھانا ایک سازش ہے، اقوام متحدہ، مہذب دنیا اور جمہوریت پسند ممالک پرامن تحریک کو سپورٹ کریں۔