پشاور: اسکول کے قریب دھماکہ، 5 بچے زخمی

140

پشاور میں ورسک روڈ بابو گڑھی کے قریب سڑک کنارے دھماکہ ہوا ہے جس میں پانچ بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

تفصیلات کے مطابق صبح کے وقت بابو گڑھی کے مقام پر دھماکے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی 3 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں متاثرہ جگہ روانہ کردی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پانچ بچے زخمی ہوئے ہیں جن میں دو شدید زخمی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ایس پی ورسک نے بتایا کہ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکے سے متعلق رپورٹ جلد فراہم کی جائے گی۔