سرفراز بنگلزئی نے پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے

2279

بی این اے کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نےاپنے دیگر ساتھیوں سمیت پاکستان فوج کے سامنے سرنڈر کردیا۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق بی این اے کے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ میں بی این اے سے علیحدگی کا اعلان کررہا ہوں۔

سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ میں بلوچستان میں محکمہ خوراک میں ملازم رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس گھر، گاڑی اور سب کچھ تھا، لیکن میں 2009 میں چند لوگوں کے بہکاوے میں آگیا۔

سابق کمانڈر نے کہا کہ میں نے قومیت کے نام پر بہت سی کارروائیاں کیں،انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب میں نے نام نہاد لیڈروں کو عیش کرتے دیکھا تو مجھے پتا چل گیا کہ یہ لوگ ملک دشمن ہیں۔

سرفراز بنگلزئی کا کہنا تھا کہ 2014 میں 155 معصوم شہریوں کو قتل کیا گیا،انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت سے پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، کالعدم تنظیم اپنے مقاصد کے لئے خواتین کا استعمال کر رہی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف نے اس معاملے پر دن رات کام کیا ہے، گلزار امام شمبے زئی نے مذاکرات کا راستہ ہموار کیا، ہم اس بات پر متفق ہوئے کہ ناراض بلوچوں کے مسائل حل کئے جائیں۔