بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال، کراچی کے بلوچ علاقوں میں ہڑتال و مظاہرے

443

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر کراچی کے کئی بلوچ علاقوں میں ہڑتال، کاروباری مراکزبند اور ٹریفک کی روانی متاثررہی۔ کئی علاقوں میں اسلام آباد میں پولیس کی تشدد کیخلاف ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلوچ خواتین پر تشدد کیخلاف کراچی کے علاقےملیر ،لیاری ،کلفٹن تین تلوار اور دیگر علاقوں میں مظاہرے کئے گئے۔

ملیر میں احتجاج کے دوران، دکانیں ،چائےخانےہوٹلز اور کاروباری مراکز بندرہے، جبکہ عوامی احتجاجی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی،جس کی وجہ سے کراچی سے سندھ کے دیگر اضلاع جانے والی گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ملیر میں ہونے والے مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اسلام آباد واقعے کیخلاف شدید نعرے بازی کی، کورنگی چکرا گوٹھ کے عوام نے بھی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کی اور اسلام آباد واقعے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نےکہا کہ اسلام آباد میں نہتی بلوچ ماؤں اور بیٹیوں پر پولیس ناقابل برداشت ہے۔

عوامی راج تحریک نے بھی تین تلوار کلفٹن پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں رہنماؤں نے اپنے خطاب میں اسلام آباد واقعے کی مذمت کی اور لاپتہ افرادکی بازیابی سمیت بلوچستان میں جعلی مقابلوں کےخاتمے اور سی ٹی ڈی کے جعلی مقابلوں کی تحقیقات کامطالبہ کیا گیا۔

لیاری میں بھی میران ناکہ سے لی مارکیٹ تک بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اسلام آباد میں بلوچ خواتین پر پولیس تشدد کی مذمت کی۔