امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے چیٹ جی پی ٹی اور مائیکرو سافٹ کیخلاف کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر

129

اوپن اے آئی یعنی چیٹ جی پی ٹی اور مائیکرو سافٹ کے اے آئی پلیٹ فارم پر معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کر دیا۔

نیویارک ٹائمز نے دونوں پلیٹ فارمز پر اپنے لاکھوں آرٹیکلز اور خبروں کا مواد چوری کر کے چیٹ بوٹس کو مواد تیار کرنے کی تربیت دینے سمیت مذکورہ مواد کو دیگر ذرائع کیلئے استعمال کرنے پر کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اخبار نے منہٹن کی فیڈرل کورٹ میں اوپن اے آئی اور مائیکرو سافٹ کے خلاف کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کیا۔

اخبار کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں دونوں پلیٹ فارمز پر ہرجانے کا کوئی مخصوص دعویٰ نہیں کیا گیا، تاہم درخواست میں کہا گیا ہے کہ اداروں کو کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر اربوں ڈالرز کا جرمانہ کیا جانا چاہیے۔

مقدمے کے مطابق دونوں پلیٹ فارمز نے اخبار کے ایکسکلوژو مواد کو کاپی کر کے اپنے چیٹ بوٹس کو تربیت دی اور بعد ازاں اسی مواد کو حوالوں کے طور پر استعمال کیا۔

اخبار نے مقدمے میں یہ درخواست بھی کی ہے کہ دونوں پلیٹ فارمز کو نیویارک ٹائمز کے کاپی شدہ مواد کو ڈیلیٹ کرنے اور اسے مزید استعمال کرنے سے بھی روکا جائے۔