کتاب اسٹال روکنا قابل مذمت ہے۔ کل پھر یونیورسٹی میں کتب میلہ منعقد کرینگے۔ بساک

130

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے بساک ڈی جی خان زون کی جانب سے غازی یونیورسٹی میں دو روزہ بک اسٹال کا اعلان کیا گیا تھا جس کے پہلے دن جب ہمارے ممبر کتابوں اور اسٹال کے سامان کے ساتھ یونیورسٹی مرکزی گیٹ پر پہنچے تو گیٹ پر موجود گارڈ نے طالبعلموں کو داخلے سے روکا اور کہنے لگے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے احکامات ہیں کہ یونیورسٹی میں کسی بھی طالبعلم کو کتابوں کے ساتھ داخل ہونے نہ دیا جائے اور یونیورسٹی میں کسی کو بُک اسٹال لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ آمرانہ احکامات غازی یونیورسٹی کے رجسٹرار اور ڈی ایس اے کی جانب سے جاری کیے گئے۔ اس کے بعد تنظیمی ذمہ داروں کی جانب سے انتظامیہ کے ساتھ بات کرنے کی کوششیں کی گئی۔ مسلسل تین گھنٹے تمام ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان سے لے کر ڈی ایس اے صاحب تک سب کو اپروچ کیا گیا اور اسٹال لگانے کی تمام قانونی اجازت مانگی گئی کہ یونیورسٹی میں علمی ماحول کے فروغ کیلئے ہمیں یونیورسٹی کے اندر بُک اسٹال کی اجازت دی جائے لیکن غازی یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہمارے اس عمل کو سراہنے کی بجائے ہمیں یونیورسٹی میں اسٹال لگانے سے مکمل روک دیا گیا اور کتابیں چار گھنٹے مرکزی گیٹ سے باہر روڈ پر پڑے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے حاکمانہ رویہ اور کتابوں پر قدغن کے باجود آج ہماری کوشش رہی کہ کسی طرح انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر مہذب اور پرامن طریقے سے بک اسٹال لگایا جائے جو انتظامیہ کی تعلیم دشمن رویے اور تعصب کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈی جی خان زون کی جانب سے کل( 07 نومبر 2023) کو غازی یونیورسٹی میں دوسرے روز کتاب اسٹال لگانے کا اعلان کرتے ہیں۔ تنظیم کے تمام ممبران ، غازی یونیورسٹی کے دیگر طلبا ء و طالبات اور اساتذہ کرام سے درخواست ہے کہ کتاب اسٹال کو کامیاب بنانے کےلیے ہمارا ساتھ دیں تاکہ علمی ماحول کو پروان چڑھانے میں یہ کتب میلہ اپنا کردار ادا کرسکے۔ اگر کل پھر سے غازی یونیورسٹی نے ہمیں اسٹال لگانے کی اجازت نہ دی تو ہم بطور یونیورسٹی کے طالبعلم پرامن احتجاج کے حق کو محفوظ رکھتے ہوئے مرکزی گیٹ پر اپنا کتاب اسٹال لگائیں گے۔