پاکستان پولیس اہلکاروں نے افغان مہاجرین کا سامان چوری کر لیا، تحقیقات کا آغاز

234

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کے اہلکاروں نے افغان مہاجرین کا سامان چوری کر لیا، جس پر اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان بھر کی طرح اسلام آباد سے بھی افغان باشندوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے۔

اس سلسلے میں افغان باشندوں نے ایس ایچ او تھانہ شالیمار، ایڈمن افسر اور اے ایس آئی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ان کا سامان واپس نہیں کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ شالیمار اورافسران نے افغان باشندوں کا سامان واپس نہیں کیا،ایس ایس پی آپریشنز نے شکایات کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ شالیمار سمیت ایڈمن افسر اور متعلقہ اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا ہے، پولیس کے مطابق گزشتہ روز 19 افغان باشندوں کو تھانہ شالیمار سے طورخم روانہ کیا گیا تھا۔