غزہ میں قتل عام کا ذمہ دار امریکہ ہے: حماس

136

حماس کے سینیئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں ہر روز جو قتل عام کر رہا ہے اس کا ذمہ دار امریکہ ہے

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں منعقدہ پریس کانفرنس میں حمدان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی طرف سے روزانہ ہونے والے قتل عام کی ذمہ دار امریکی انتظامیہ ہے جس نے اسرائیل کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

حمدان نے کہا کہ ہم امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ سے کہتے ہیں کہ آپ حملے کے بعد غزہ پر حکمرانی کے خواب کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں، مزاحمت اور ہمارے لوگ غالب آئیں گے، ماضی سے سبق سیکھیں۔

حمدان نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکیوں کو رہا کر دیا جائے گا جیسا کہ ہم نے کہا کہ وہ مہمان ہیں لیکن ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سازگار حالات فراہم کیے جائیں اور جہاں تک تمہارے فوجیوں کا تعلق ہے، تم جانتے ہو کہ اس کی قیمت کیا ہے۔

اسرائیل کے اس دعوے کے بارے میں کہ حماس غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں کے نیچے سرنگیں اور کمانڈ سینٹر بنا رہی ہے حمدان نے کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو غزہ کے تمام ہسپتالوں کی جانچ پڑتال کرنی چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہاں موجود ہسپتالوں کے اندر حماس کے رہنما روپوش نہیں ہیں۔

حماس کے منتظمین میں سے ایک باسم نعیم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین مشرق وسطیٰ اور اس کے منتظمین غزہ میں انسانی تباہی کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے قابض افواج کے احکامات کے آگے سر تسلیم خم کیا ۔

نعیم نے کہا کہ UNRWA، جو کہ غزہ کے 70 فیصد سے زیادہ کی حفاظت کہ ذمہ دار ہے، لاکھوں پناہ گزینوں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو ترک کر دیا ہے اور مہاجرین کو ان کی بنیادی ضروریات جیسے پانی، خوراک، ادویات اور رہائش سے محروم کر دیا ہے۔

نعیم نے UNRWA کے رویے کو قابض افواج کے ساتھ ملی بھگت قرار دیا اور کہا کہ یہ ادارہ دنیا اور تاریخ کے سامنے جو کچھ ہوا اس کے قانونی، انسانی اور اخلاقی نتائج کا ذمہ دار ہے۔

بین الاقوامی برادری سے خطاب کرتے ہوئے نعیم نے کہا کہ اسرائیل کے مسلط کردہ اقدامات، جو بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے خلاف ہیں ان کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے۔