سی ٹی ڈی جعلی مقابلہ: مزید دو افراد کی شناخت لاپتہ افراد کے طور پر ہوگئی

394

گذشتہ روز تربت میں سی ٹی ڈی کے جعلی مقابلے میں قتل ہونےوالے مزید دو افراد کی شناخت پہلے سے لاپتہ افراد کے طور پر ہوگئی۔

مارے جانے والوں کی شناخت سیف بلوچ اور شکور بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان میں سیف کو یکم اگست کو تربت سے جبکہ شکور کو پچیس جون کو تمپ سے پاکستان فوج نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شکور بلوچ کی جبری گمشدگی کی رپورٹ

خیال رہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جمعرات کی علی الصبح چار افراد کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچاکر یہ دعویٰ کیا کہ مذکورہ افراد کو بانک چڑھائی پسنی روڈ پر رات کے وقت ایک مقابلے میں مارا گیا ہے۔

اس سے قبل اسی جعلی مقابلے میں مارے جانے والوں میں سے ایک کی شناخت بالاچ ولد مولابخش کے نام سے ہوئی۔ سی ٹی ڈی کے جعلی مقابلے میں قتل ہونے والے بالاچ ولد مولابخش کی میت کے ساتھ لواحقین کا شھید فدا چوک، تربت پر دھرنا جاری ہے۔

تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں قتل ہونے والے لاپتہ نوجوان بالاچ بلوچ کے لواحقین نے سی ڈی ٹی کے خلاف مقدمے کی دراخواست پیش کی ہے جبکہ پولیس نے درخواست لینے سے انکار کردیا ہے۔

بالاچ مولابخش کے لواحقین کا کہنا ہیکہ بالاچ کو 29 اکتوبر کی رات کو انکے گھر سے اٹھایا گیا اور 21 نومبر کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انہیں عدالت میں پیش کرکے 10 دن کی ریمانڈ بھی حاصل کی۔

دوسری جانب دیگر افراد کی شناخت جو اب ہوئی ہے وہ بھی پہلے سے لاپتہ افراد تھے۔