تربت کے علاقے گلشن آباد کی گرلز ہائیر سکینڈری اسکول میں انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے سبب چار سالہ طالبہ کو بجلی کا کرنٹ لگ گیا، بچی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جسے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن آباد گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول میں گزشتہ منگل کے روز ایک چار سالہ بچی کو واٹر کولر سے بجلی کا جھٹکا لگا، جس سے بچی کی حالت غیر ہوگئی، جسے اٹھاکر فیملی کے پاس پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسکول کا واٹر کولر گزشتہ کافی عرصے سے اَرتھ تھا جس سے کسی بھی وقت خطرے کا شبہ موجود تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی پہلی کلاس میں رجسٹرڈ طالبہ تھی جنکے والدین کو حادثہ کے بعد اسکول بلا کر رشوت کی آفر بھی کی گئی، والدین کے راضی نہ ہونے پر اب اسکول بچی کو اپنی اسٹوڈنٹ ظاہر کرنے سے انکاری ہے، حتیٰ کے رجسٹر میں شامل بچی کا نام بھی مٹا دینے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کو کراچی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے مگر انکی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے اسکول کو ذمہ داری ٹھہرا کر باز پرس کی درخواست کی ہے۔ تاہم اسکول کی جانب سے اب تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔