پاکستان میں یہودی ایجنٹ کو شکست دیدی، اسرائیل کیخلاف جنگ کیلئے تیار ہیں – مولانا فضل الرحمٰن

193

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو پاکستان بھیجا اس کو شکست دے دی اب اسرائیل کو بھی شکست دیں گے۔ فلسطین کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی، فلسطینی ریاست کے قیام تک ہم ان کے ساتھ ہیں۔ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام نے کوئٹہ میں طوفان اقصیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آزادی کی جنگ میں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، جنگ میں برابر کے شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں، ہم اپنے مجاہدین کے ساتھ جنگ کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج واضح نظریاتی تقسیم ہے، جنہیں تم دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہدین کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، اپنے حکمرانوں سے کہتا ہوں امریکا کی غلامی چھوڑ دو، آج پھر بزدلی کا مظاہرہ کیا توعوام آپ کے مقابلے میں کھڑے ہوں گے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں، یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو پاکستان بھیجا اس کو شکست دے دی، اسرائیل کو بھی شکست دیں گے، آج وہ ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کھل کر اسرائیل کی حمایت کررہا ہے، ہمارے حکمرانوں میں ہمت ہی نہیں ہے، محلوں میں عیش و عشرت کرنے والے عوام کے نمائندے نہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کیا دنیا کو فلسطین میں ہونے والے مظالم نظر نہیں آرہے، ہم نے پاکستان کو بھی غلامی سے نکالنا ہے، ہم نے پاکستان انگریزوں کی غلامی کیلئے حاصل نہیں کیا تھا، ہمارے بزرگ انگریزوں کےخلاف لڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں جے یو آئی کی کمزوری نہیں، اسمبلیوں میں رہیں نہ رہیں، سڑکوں پر رہیں گے، ہم نے اپنے جذبے کو زندہ رکھنا ہے، اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور متفقہ موؤقف لیا جائے، ہم اپنے موؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔