معروف فٹبالر میسی ریکارڈ آٹھویں بار سال کے بہترین کھلاڑی قرار

157

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے معروف اسٹرائیکر لیونل میسی نے 2023 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ‘بیلن ڈی اور ‘ ریکارڈ آٹھویں مرتبہ جیت لیا۔

پیرس میں منعقد کی گئی تقریب میں میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،میسی کی کپتانی میں گذشتہ سال ارجنٹائن نے فیفا ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔

لیونل میسی نے رواں سال امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو پہلی بار لیگز کپ جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے میجر لیگ
کے 14 مقابلوں میں 11 گول اسکور کیے تھے۔

میسی سب سے زیادہ 8 مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت چکے ہیں
جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے یہ ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا ہوا ہے۔

رونالڈو نے آخری بار 2017 میں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا تھا، گذشتہ سال بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے نام رہا تھا۔

واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹ بال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جبکہ اس میں دنیا بھر سے 100 صحافی فاتح کیلئے ووٹ کرتے ہیں۔

فرانس کے شہر پیرس میں منعقد اس سالانہ فٹبال تقریب میں متعدد دیگر کھلاڑیوں کو بھی آوارڈ سے نوازہ گیا جہاں خواتین فٹبال میں بیلن ڈی اور بارسلونا اور اسپینش کھلاڑی ایتنانہ بونماتی لے اُڑے جبکہ ارجنٹینا کے ایملیانو مارٹینیز سال کے بہترین گول کیپر قرار پائے-

میسی کے مدمقابل بہترین کھلاڑی کے ریس میں شامل سویڈن کے ھالینڈ بہترین اسٹرائیکر قرار پائے جنھوں نے اس سال سب سے زیادہ 54 گول کرچکے ہیں-