غزہ میں زمینی جھڑپ میں ایک فوجی قتل، تین زخمی – اسرائیلی فوج

232

حماس نے اتوار کو کہا کہ غزہ کی پٹی میں زمینی جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا جبکہ قافلے میں موجود دیگر اسرائیلی فوجیوں کو ’پیچھے ہٹنے‘ پر مجبور کر دیا گیا۔

حماس کے بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ القسام بریگیڈز کے جنگجوؤں نے اسرائیلی مسلح فوجیوں کو خان یونس کے قریب گھات لگا کر نشانہ بنایا جس میں تین اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

القسام بریگیڈز کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کے ’دو بلڈوزر اور ایک ٹینک کو تباہ کردیا گیا۔‘

دوسری جانب میڈیا میں خبروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے ’اینٹی ٹینک میزائل‘ کے حملے میں ایک فوجی کے مارے جانے اور تین کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اسرائیلی فوجی علاقے میں ’دہشت گردوں کو نشانہ بنانے اور یرغمالیوں کو ڈھونڈنے نکلے تھے۔‘

جبکہ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے پیر کو بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج نے جلازون کیمپ پر چھاپہ مارا اور دو فلسطینی شہری قتل کر دیے۔

رہائشیوں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے چھاپوں میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں اور پھر کیمپ کے مضافات میں چلے گئے۔

اسرائیلی فوج نے تاحال اس واقعے پر بیان نہیں دیا۔