شفیق جتک کو بازیاب کیا جائے۔ لواحقین کا مطالبہ

370

زہری مشک سراپ کے رہائشی نوجوان شفیق جتک کے خاندان نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ شفیق جتک ولد محمد حیات جتک کی بازیابی کے لئے ہماری مدد کریں اور انہیں باحفاظت زندہ سلامت بازیاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا شفیق جتک کو 31 اگست 2022 کو خضدار گدان ہوٹل سے جہاں وہ مزدوری کرتا تھا سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے حراست میں لے کر اپنے ساتھ لئے گئے تھے، اس کے بعد ہمیں ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں کہ وہ کہاں ہے، کس حال میں ہے اور اس کو کس جرم میں حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفیق بے گناہ ہے انہوں نے کوئی ایسا جرم نہیں کیا ہے کہ اس کو گذشتہ ایک سال سے لاپتہ رکھا گیا ہے، اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ہمیں بتایا جائے کہ اس نے کیا جرم کیا ہے۔

انہوں مزید کہا شفیق محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا اس کے جبری گمشدگی کے بعد خاندان اذیت و تکلیف کے ساتھ ساتھ معاشی بدحالی اور کسمپرسی کا شکار ہوچکا ہے۔ لہذا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں بازیاب کرکے ہمیں اس اجتماعی سزا سے نجات دلائیں۔