سانحہ مستونگ: کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

202

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کو ہونے والے سانحے کے پیشِ نظر آج کوئٹہ سمیت حب، نوشکی خضدار ، خاران میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتحادِ اہلسنت کی اپیل پر آج کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہڑتال کے موقع پر تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں ، ہڑتال کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کم ہیں ۔

اتحاد اہلسنت نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے ۔

ادھر صنعتی شہر حب میں بھی سنی تحریک اور دیگر تنظیمات اہل سنت کی کال پر سانحہ مستونگ پر شٹر ڈائون ہڑتال کے موقع پر تمام تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ حب شہر سے گذرنے والی کراچی، کوئٹہ شاہراہ پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

خیال رہے کہ 12 ربیع الاول کو مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں خودکش دھماکے سے اب تک 60 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خودکش حملے کی تحقیقات جاری ہیں، حملہ آور کی شناخت کیلئے نادرا سے رابطہ کر لیا گیا ہے، حملہ آور کے اعضا ڈی این اے کیلئے بھجوائے جا رہے ہیں ، اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔