افغانستان نے پاکستان کو ورلڈ کپ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

241

انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے دوران افغانستان نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان نے پاکستان کو عالمی مقابلوں میں شکست دی ہے۔

چنئی میں پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 282 رنز کے جواب میں افغان بلے باز مکمل کنٹرول میں دکھائی دیے۔ اوپنرز ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز کی نصف سنچریوں کے بعد مڈل آرڈر نے 49ویں اوور میں باآسانی ہدف کے تعاقب کو ممکن بنایا۔

پاکستانی بولرز وکٹوں کی تلاش میں بے بس دکھائی دیے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز کی ابتدا میں افغان اوپنرز عمدہ کھیلے اور 21 اوورز میں 130 رنز کی شراکت قائم کی۔ ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے اپنی نصف سنچریوں کے دوران پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی کی۔

پاور پلے میں پاکستانی فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

شاہین اور حسن علی دونوں کو اپنے پہلے اوورز میں دو، دو چوکے لگے جبکہ آٹھویں اوور میں جب حارث رؤف اٹیک پہ آئے تو گرباز نے انھیں چار چوکے لگائے۔
حارث رؤف نے اپنے پہلے چار اوورز میں 33 رنز دیے۔ پاکستانی سپنرز اسامہ میر، شاداب خان اور افتخار احمد کو بھی کامیابی نہیں مل پا رہی تھی۔

گرباز نے 53 گیندوں پر 65 رنز کی باری کھیلی جس میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔