اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں مسجد پر فضائی حملہ

94

اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارے میں ایک مسجد پر میزائل حملہ کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس مقام پر عسکریت پسند موجود تھے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے مغربی کنارے میں قائم ایک مسجد کے تہہ خانے کو نشانہ بنایا جہاں شدت پسند تنظیموں ’حماس‘ اور ’اسلامی جہاد‘ کے اراکین موجود تھے ۔

یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ شدت پسند مبینہ طور پر ایک بڑے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ البتہ اسرائیل کی فوج نے اس دعوے کے شواہد فراہم نہیں کیے۔

فلسطینی اتھارٹی کی نیوز ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق جینن میں فلسطینی مہاجرین کے لیے قائم مہاجر کیمپ میں قائم الانصر مسجد کے تہہ خانے پر کیے جانے والے حملے میں ایک شخص ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کا یہ حملہ حالیہ دنوں میں مغربی کنارے پر کیا جانے والا دوسرا حملہ ہے جہاں یہودی آباد کاروں اور فلسطینیوں کے درمیان حماس کے رواں ماہ سات اکتوبر کو اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں کیے جانے والے بیک وقت اچانک حملوں کے بعد تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے

اسرائیل کے جنگی جہازوں نے لبنان میں عسکری تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملوں اور اس کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان لگ بھگ ہر روز ہی فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

حزب اللہ نے تسلیم کیا ہے کہ سرحد پر جاری کشیدگی میں اس کے چھ جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حزب اللہ کے ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی تعداد 19 ہوچکی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا ایک فوجی اینٹی ٹینک میزائل کا نشانہ بنا اور دیگر متعدد فوجی زخمی ہوئے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کے مطابق اس کے دیگر دو فوجی بھی معمولی زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی فوج اور لبنان کی حزب اللہ کے درمیان 2006 میں ہونے والی جنگ کے بعد حالیہ دنوں میں ہلاکت خیز جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا لبنان کے وزیرِ اعظم سے رابطہ

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹی بلنکن نے لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب مکتی کو ہفتے کو فون پر خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے ملک کو اس جنگ میں شامل کیا گیا تو لبنان کے عوام بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

اسرائیل کا حملے تیز کرنے کا عندیہ

اسرائیل کے ریئر ایڈمرل ڈینئل ہگاری سے غزہ پٹی پر ممکنہ حملے سے متعلق صحافیوں کے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، شمالی غزہ پر حملے تیز کرے گا۔

حملے تیز کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کے جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کی جا سکے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز اتوار سے حملوں میں اضافہ کرے گی جو کہ ان کے بقول اسرائیلی فورسز کو لاحق خطرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

انہوں نے غزہ کے شمال میں موجود فلسطینیوں کو جنوبی غزہ منتقل ہونے پر ایک بار پھر زور دیا۔