بلوچستان کے ضلع قلات اور زامران میں پاکستان فوج کو مسلح حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ بلیدہ میں تعمیراتی کمپنی کی گاڑی نذر آتش کردی گئی۔
ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قلات کے علاقے ہربوئی میں اسکلکو کے مقام پر مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔
فورسز پر حملہ گذشتہ رات کیا گیا، حملے میں فورسز اہلکاروں کو نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔
مذکورہ علاقے میں تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی کو سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر فورسز چوکیاں موجود ہیں۔
دریں اثناء زامران پُلکی میں مسلح افراد نے فورسز کی چوکی کو حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد پاکستانی فورسز کی جانب سے مختلف اطراف میں مارٹر گولے فائر کیئے گئے تاہم کسی قسم کی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہے۔
بلیدہ میں سلو کور کے مقام پر نامعلوم افراد نے تعمیراتی کمپنی کے ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا۔
ماضی میں تعمیراتی کمپنیوں کو بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں نشانہ بناتے رہے ہیں۔
مذکورہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔