سرحدی کاروبار پر پابندی ہمارا معاشی قتل ہے۔ پنجگور احتجاج

291

پیر کے روز پنجگور میں سرحدی کاروبار بچاﺅ تحریک کے زیر اہتمام ایرانی سرحد اور کاروباری سرگرمیوں کی بندش کیخلاف احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔

ریلی بازار کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے آکر دھرنے کی شکل اختیار کرگئی۔

بارڈر بچاﺅ تحریک نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے گیٹ پر خیمہ لگا کر دھرنا دیا، بارڈر کی بحالی اور گاڑیوں کی لسٹ جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مظاہرے کی قیادت بارڈر بچاﺅ تحریک کے سعود بلوچ، نجیب بلوچ، اشفاق آدم اور دیگر نے کی ۔

بارڈر بچاؤ تحریک کی احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی جماعتوں نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، حق دو تحریک، مسلم لیگ سمیت تمام آل پارٹیز کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے رہنماؤں نے کہا کہ بارڈر ہماری روزگار رہن سہن کا واحد ذریعہ ہے بارڈر کو بند کرنے کا مقصد یہاں کے عوام کی معاشی قتل اور بھوکا مارنے کا منصوبہ ہے جس کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر ہماری موت و زیست کا مسلہ ہے اس بارڈر کے زریعے محنت مزدوری اور تکالیف برداشت کرکے اپنے بچوں کی تعلیم سمیت روزگار تلاش کرتے ہیں جس کو سمگلنگ کا نام دیکر ہماری روزی روٹی پر پابندی عائد کی جارہی ہے بارڈر پر کاروبار ہماری آباؤاجداد کے زمانے سے چلارہا ہے یہاں بارڈر کے علاو کوئی روزگار کے متبادل زرائع نہیں ہے کہ ہم متبادل زرائع سے روزگار تلاش کریں ہماری گزر بسر کا واحد زریعہ ایرانی بارڈر پر محنت مزدوری کرکے زندگی بسر کرنا ہے بارڈر پر کاروبار کوئی غیر قانونی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوئی نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ پنجگور کا دورہ کرکے عوام کو بارڈر پر کام کرنے کی اجازت دی ہے اور ملکی قوانین کے مطابق تمام گاڑیوں کو رجسٹریشن کرکے کام کی اجازت دی ہے بارڈر کو بند کرنے سے لاکھوں لوگ بے روزگار یہاں کے تعلیم زراعت کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہونگے بارڈر کی بندش یہاں کے لاکھوں عوام کو منظور نہیں ہے لہذا ہم اس دھرنے کی توسط سے نگراں حکومت ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر پاک ایران بارڈر پر کاروباری سرگرمیاں بحال کرکے بارڈر کو کھولا جائے ۔

دریں اثناءاسسٹنٹ کمشنر پنجگور نے احتجاجی دھرنے میں آکر شرکاءکو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کا بارڈر کی بندش کا کوئی منصوبہ نہیں ہے نہ ضلعی انتظامیہ نے بارڈر کو بند کیا ہے بارڈر پر گاڑیوں کی لسٹ کو جلد شائع کیا جائے گا جس پر دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ گاڑیوں کی لسٹ جاری ہونے کے بعد دھرنا ختم کریگی۔