ازبکستان میں تاشقند ایئرپورٹ کے قریب زور دار دھماکہ

281

دھماکے سے متعلق فوٹیج میں تاشقند کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پاس ایک گودام سے دھواں اور بڑے پیمانے پر آگ کے شعلے نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ابھی تک دھماکے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔

ازبکستان کے شہر تاشقند میں جمعرات کی صبح ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

ازبک نیوز ویب سائٹ داریو نے ہنگامی حالات کی وزارت کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یہ واقعہ تاشقند کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اسلام کریموف کے پاس ایک گودام میں پیش آیا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں رات کے دوران آسمان میں آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

ہنگامی حالات کی وزارت نے کہا کہ دھماکے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہے البتہ فائربریگیڈ عملے نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

وزارت نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر کہا، ”آگ کے دائرے کو کم کیا جا رہا ہے۔ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔”

داریو نے رپورٹ کیا کہ فائر سروسز اور امدادی ٹیم کے درجنوں اہلکار اور گاڑیاں گودام تک پہنچ چکی ہیں۔

وزارت صحت نے ٹیلی گرام پر لکھا، ”ابھی تک کوئی بھی شدید طور پر زخمی نہیں ہے۔ ابھی، ڈاکٹر تمام ضروری طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔”

اس نے مزید کہا، ”حادثے کی جگہ اور آس پاس کے اپارٹمنٹس میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والے لوگوں کو ہنگامی طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔”

خستہ حال آلات اور حفاظتی معیارات کی ناقص پابندی کی وجہ سے ازبکستان میں اس طرح کے حادثات عام ہیں، تاہم اتنی شدت کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔