اسمگلنگ کے نام پر سرحدی کاروبار پر قدغن کسی طور قبول نہیں۔ ہدایت الرحمان بلوچ

155

حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسمگلنگ کے نام پر سینکڑوں سال سے جاری سرحدی کاروبار پر قدغن کسی طور قبول نہیں. بلوچستان بھر کے لاکھوں غریب عوام کا ذریعہ معاش سرحد سے وابستہ ہے اور سرحدی کاروبار کی بندش لاکھوں گھروں کے چولہے بجھانے کے مترادف ہے۔

مولانا بلوچ نے کہا کہ ضلع گوادر سمیت مکران بھر کے لوگوں کے معاش کے دو ہی اہم ذرائع ہیں جس میں ایک سمندر دوسرا بارڈر ہے. ایک طرف ٹرالرز کے ذریعے سمندر اور دوسری جانب اسمگلنگ کے نام پر بارڈر کو عام عوام کی دسترس سے دور کیا جارہا ہے جس سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری پھیلنے کا خدشہ جو نقص امن کے ساتھ مایوسی کا سبب بنے گا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بارڈر بندش سے پہلے لاکھوں غریب عوام کے روزگار کا بندوبست کیا جائے وگرنہ ہم کسی طور لاکھوں لوگوں کو فاقہ کشی کا شکار ہونے نہیں دیں گے۔