لیاری: شادی میں ہوائی فائرنگ، نوجوان جان سے گیا

227

اتوار اور پیر کی درمیانی شب کراچی کی بلوچ اکثریتی علاقے لیاری بانکڑا چوک کے قریب شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے میٹرک کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق نوجوان کی شناخت 16 سالہ زاہد ولد اسحاق بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول نے حال ہی میں میٹرک کا امتحان دیا تھا اور اب نتائج کا انتظار کر رہا تھا ۔ واقعے کے وقت مقتول کے گھر کے قریب ایک شادی کی تقریب جاری تھی جب کہ زاہد اپنے گھر سے کچھ فاصلے پر مرغی والی گلی میں رحمانی مسجد کے قریب کھڑا تھا کہ تقریب میں کسی نے اچانک فائرنگ کردی، جس سے ایک گولی زاہد کے بائیں جانب سینے پر عین دل کے اوپر لگی اور اندر ہی پیوست ہوگئی جس سے اس کی موقع ہی پر موت واقع ہوگئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ورثا کو اس بات کا علم ہے کہ فائرنگ کس نے کی ہے، اسی لیے انہوں نے قانونی کارروائی کرانے سے گریز کیا ہے۔

پولیس واقعہ کی تحقیقات اور فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔