تمپ میں پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ

386
فائل فوٹو

تمپ میں فورسز کے کیمپ پر حملہ، حملے کے وقت شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

فورسز کے کیمپ پر حملہ تمپ کے علاقےکلاھو میں کی گئی۔ علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

اگست میں بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور حکومتی حمایت یافتہ افراد پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گذشتہ روز کوئٹہ، خضدار، مولہ، کولواہ، تربت، مشکے اور تمپ میں پاکستانی فورسز اور انکی حمایت یافتہ افراد کو سات حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

دارالحکومت کوئٹہ میں جھنڈے فروخت کرنے والے اسٹال و فورسز کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ خضدار شہر اور مولہ میں پولیس و ایف سی کی مشترکہ گشتی ٹیم اور پولیس تھانے کو بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

کیچ کے علاقے کولواہ، مالور میں مسلح حملے میں فورسز کیمپ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جبکہ تربت کے علاقے آبسر میں فورسز کے پوسٹ کو گرنیڈ لانچر سے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے کوئٹہ، خضدار، مولہ اور کیچ میں ہونے والے چار حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے خضدار، کوئٹہ اور کولواہ میں چار مختلف حملوں میں قابض پاکستانی فوج اور نام نہاد پاکستانی جشن آزادی اسٹال کو نشانہ بنایا، حملوں میں دو اہلکار ہلاک اور نو زخمی ہوگئے۔

جیئند بلوچ نے تنبیہہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ قابض پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کی جانب سے قابض کے نام نہاد “جشن آزادی” کے حوالے سے قائم اسٹالز، ریلیوں اور تقریبات سے محفوظ فاصلے پر رہیں، بلوچ سرمچار ان پر کسی بھی وقت حملہ کرسکتے ہیں۔

بلوچستان لبریشن فرنٹ نے مشکے میں ایک شخص کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کی۔

ترجمان میجر گہرام بلوچ نے بیان میں کہا کہ سرمچاروں نے مشکے کے علاقے جکی میں فائرنگ کرتے ہوئے ریاستی کارندہ مدد خان ولد شفیع محمد کو ہلاک کرکے ایک عدد کلاشنکوف قبضے میں لے لی۔ مذکورہ مجرم نام نہاد سردار علی حیدر کی سربراہی میں قائم کردہ مسلح دفاع سے منسک تھا اور مشکے میں سرور کے زیر نگرانی مجرمانہ افعال میں ملوث تھا ۔