بلوچستان کا پاکستان سے بزور طاقت الحاق ہوا تھا جس کی کوئی اہمیت نہیں۔ حمل حیدر بلوچ

425
Hammal Haidar Baloch

بلوچستان کے برطانوی قبضے سے آزادی کے دن (11 اگست) کی مناسبت سے بی این ایم نیدرلینڈز کی طرف سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کے شرکاء سے بی این ایم کے خارجہ سیکرٹری حمل حیدر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا 11 اگست بلوچستان کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے۔ اسی دن بلوچستان برطانیہ کے قبضے سے آزاد ہوا، لیکن بدقسمتی سے کچھ مہینوں کے بعد پاکستان کے قبضے میں چلا گیا۔ بلوچستان کا پاکستان کے ساتھ بزور طاقت الحاق کیا گیا تھا، جس کی کوئی اہمیت نہیں۔ شروع دن سے ہی پاکستان کے جبری قبضے کے خلاف بلوچ قوم مسلسل جہدوجہد کررہی ہے۔

اس موقع پر بی این ایم نیدرلینڈز کے صدر عبدلواحد بلوچ اور نائب صدر دیدگ بلوچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا بطور سیاسی ورکر ہمیں اپنی قومی تحریک کو مضبوط اور منظم کرنا ہے۔ اختلاف رائے ہر سیاسی کارکن کا بنیادی حق ہے اسی طرح اگر کوئی ہم پر کوئی تنقید کرئے تو ہم میں برداشت کی صلاحیت ہونی چاہیے۔ ہمیں تنقید سن کر اس پر بحث و مباحثہ اور غور کرنا چاہیے ۔ کسی پر زبردستی اپنا نکتہ نظر ٹھونسنا درست نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں نہ کہ ان کو جسٹیفائی کریں۔ ہم چیزوں کو سمجھنے میں جتنی دیر کریں گے ہم اتنا ہی زیادہ نقصان اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا طاقتور قوتیں ہمیشہ مختلف بہانوں اور الزام تراشیوں کو سبب بنا کر آزاد اور خود مختار ریاستوں پر قبضہ کرتی ہیں لیکن اس قبضے کے خلاف مزاحمت کی بھی ایک شاندار تاریخ ہے۔

مقررین نے کہا اس سرزمین کے ہزاروں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور کررہے ہیں۔ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے بلوچ قوم نے مزاحمت کا راستہ کبھی نہیں چھوڑا۔