بلوچستان :فائرنگ و حادثات میں 5 افراد جانبحق، تین زخمی

360

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ و دیگر حادثات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جانبحق جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی میں بولان لمجی کے قریب نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے لعل محمد، رحیم بخش اور عبدالرحمن نامی تین افراد جانبحق جبکہ واقعہ میں صدام حسین اور عبدالرحیم نامی دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق مری قبائل سے ہیں جو روجھان جمالی سے سبی جا رہے تھے، زخمی ہونے والے افراد کو سبی سول ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے جبکہ پولیس مزید کاروائی کررہی ہے-

دوسری جانب ڈیرہ اللہ یار میں موبائل ٹاور کے جنریٹر سے کرنٹ لگنے کے باعث 18 سالہ نوجوان شاہنواز بگٹی موقع پر جانبحق ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے-

ادھر کوئٹہ سے اطلاعات کے مطابق کے کوئٹہ ہزارہ ٹاﺅن کے رہائشی ایک شخص نے پسٹل سے فائرنگ کرکے اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کرلی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی تاہم خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع خضدار میں وہیر کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔