بلوچستان، اشتہاریوں کیخلاف آپریشن، 2 لیویز اہلکار ہلاک

269

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں اشتہاری مجرموں کے خلاف آپریشن کے دوران دو لیویز اہلکار ہلاک اور رسالدار سمیت 3 زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق ضلع موسی ٰخیل سے 85 کلومیٹر دور راڑہ شم کے علاقے میں اشتہاری مجرموں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر میں چھاپہ مارا گیا، اس دوران لیویز فورس اور اشتہاری مجرمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار ہلاک اور رسالدار توقیر شاہ سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیویز فورس صوبے میں امن کے قیام کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور فورس کے اہلکار عوام کے جان مال کے تحفظ کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جس پر صوبے کے عوام کو فخر ہے۔