بجلی سمیت مہنگائی پر بھی ریلیف دیا جائے، انجمن تاجران بلوچستان

158

مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں بجلی کی زائد بلوں اور ناراوا ٹیکسز کیخلاف کوئٹہ کے مرکزی چوک منان چوک پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اورانجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا، سرپرست اعلیٰ حاجی خدائے دوست، سیکرٹری اطلاعات سیف الدین نثار، ضلع ژوب کے صدر باران خان کلیوال، انجمن تاجران بلوچستان رحیم آغا گروپ کے جنرل سیکرٹری ولی افغان، انجمن دکانداران کے چیئرمین ٹکری عبدالحمید بنگلزئی، انجمن تاجران کٹ پیس کے صدر طاہر جدون، موبائل فون ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر صدیق یوسفزئی، انجمن تاجران نواں کلی کے صدر عبدالوہاب خلجی، انجمن تاجران ایئرپورٹ کے صدر ملک خان ولی ناصر، تاجرامن کمیٹی کے وائس چیئرمین موسیٰ جان خلجی، ملک ریٹیلر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری غلام جیلانی گجر، کامریڈ نذیر مینگل، بشیر جان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی بلوں پر زائد اور ناروا ٹیکسز کیخلاف اضافہ فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیوروکریٹ، سرکاری افسران اور حکمرانوں کی مفت یونٹ کی استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور یکم ستمبر میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو بھی فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا، گیس اور بجلی کی میٹر ریڈنگ وقت پر لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

تاجروں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالسیوں کی وجہ سے ملک کی معشیت ڈوب گئی، صنعتیں بند ہوچکی ہیں، پاکستانی کرنسی مکمل کریش کرگئی، سیاسی جماعتیں اور ملک پر قابض ادارے ملک کی معشیت کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے۔ عوام دو وقت کی روٹی پر مجبور ہیں، حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں، ملک میں کرپشن، سرکاری اداروں میں بدعنوانی عروج پر پہنچ چکی ہے اگر حکمرانوں نے ملک کی معیشت کیلیے پالیسی نہیں بنائی گئی تو یہ ملک تباہ ہوجائے گا اور پاکستان کے تاجر اور عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ آج پورا ملک سراپا احتجاج ہے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، بجلی اور گیس کے بلوں پر ناجائز ٹیکسز بدترین مہنگائی نے عوام اور تاجروں کو معاشی تباہ کردیا، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، اگر ملک میں معاشی استحکام پر قابو نہیں پایا گیا تو ملک کی معشیت ڈوب جائے گی۔

تاجروں نے ان تمام مطالبات پر عمل کرنے کا فوری مطالبہ کیا گیا اگر فی الفور مطالبات نہیں مانے گئے تو 2 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاﺅن ہڑتال کریں گے اور پورے ملک کو جام کردیں گے ۔

رحیم اغا گروپ امر دین گروپ اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رجسٹڑڈ کے رہنماﺅں نے سید عبدالقیوم اغا کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ تاجروں کی مفاد ملکر حل کرنے پر مکمل اتفاق اور اظہار یکجتی کرنے پر زور دیا۔