کراچی: رینجرز اہلکار کے ہلاکت میں ملوث بلوچ آزادی پسندوں کے گرفتاری کا دعویٰ

620

کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کے اہلکار کے ہلاکت میں مبینہ طور پر ملوث مرکزی ملزم اور واردات کے شوٹر سمیت بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاکستانی  فورسز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ رینجرز کے خفیہ ونگ کے عملے نے تکنیکی مہارت سے دو ملزمان کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رئیس گوٹھ سے حراست میں لیا جن سے تفتیش کے بعد مرکزی ملزم کا سراغ لگایا گیا اور بلوچستان کے شہر آواران میں کارروائی کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ سے فائرنگ کرکے رینجرز کے اہلکار کو نشانہ بنایا، گرفتار ملزم آواران جبکہ دیگر دونوں زیر حراست افراد کراچی کے رہائشی ہیں، ملزمان بلوچستان آزادی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ حساس ادارے کے اہلکار دلشاد کو لیاری کے علاقے بہار کالونی میں الفلاح روڈ پر 7 اگست کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

خیال رہے مذکورہ اہلکار کے ہلاکت کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی تاہم گرفتاریوں کے حوالے سے بی بی ایل ایف کا موقف تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔