ڈیرہ بگٹی: فورسز کے ہاتھوں چار افراد حراست بعد لاپتہ

557

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے اطلاعات ہیں پاکستانی فورسز نے ضعیف العمر شخص سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں میں احمد علی ولد روشن بگٹی اور ستر سالہ بزرگ وڈیرہ روشن بگٹی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل رات تین بجے کے وقت پاکستانی فوج نے سوئی ائیرپورٹ کے قریب ہوتکانی محلہ میں مختلف گھروں پر چھاپے مارے۔ وڈیرہ روشن ہوتکانی کے گھر میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے گھس کر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور وڈیرہ روشن اور ان کے بیٹے احمد علی جو کہ لیویز میں ملازم ہیں کو اغواء کر کے لے گئے۔

اس کے علاوہ وڈیرہ روشن کے گھر سے دو موٹر سائیکل، دو قیمتی موبائل فون، ایک لائسنس شاٹ گن اور گھر میں موجود خواتین کے زیورات بھی فورسز کے اہلکار لوٹ کر لے گئے۔

دوسری جانب بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے انسانی حقوق کے ادارے پانک کا کہنا ہے آٹھ جولائی اور اٹھارہ جولائی کو پاکستانی فورسز نے سوئی سے دو افراد کو حراست میں لیا ہے جو تاحال لاپتہ ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں طارق ولد سفر خان بگٹی اور جمعہ ولد الہ الدین بگٹی شامل ہیں ان میں طارق کو آٹھ جون جبکہ جمعہ کو اٹھارہ جون کو حراست میں لیا گیا۔