عبدوئی: پاکستانی فورسز کے پوسٹ پر مسلح حملہ

516

پاکستانی فورسز کے پوسٹ پر موجود اہلکاروں کو گذشتہ رات حملے میں نشانہ بنایا گیا، حملے کے بعد علاقے میں ہیلی کاپٹر پہنچ گئے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے عبدوئی میں گذشتہ رات ایک مسلح حملے میں پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، بعدازاں حملہ آور نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔

آج صبح مذکورہ علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری رہی۔ آزاد ذرائع کے مطابق فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز صبح ضلع پنجگور میں فورسز کے مرکزی کیمپ کے حفاظتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔

قبل ازیں پنجگور ہی میں کیلکور کے مقام پر فورسز اہلکار کو ہلاک کرنے کی ذمہ دار بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں آج مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے نصب کیے گئے کیمروں سمیت موبائل کمپنی کے ٹاور کو نشانہ بنایا جبکہ دو روز قبل تربت شہر میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پنجاب کے رہائشی غلام یاسین کو ہلاک کردیا۔

غلام یاسین کے ہلاکت کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ مذکورہ شخص طویل عرصے سے بھیس بدل کر قابض فوج کیلئے بطور مخبر کام کررہا تھا۔

جیئند بلوچ نے کہا کہ بی ایل اے تربت شہر و گردنواح میں ہوٹل و رہائشی کوارٹر مالکان کو تنبیہہ کرتی ہے کہ وہ ایسے افراد کو جگہ فراہم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر اپنے جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار خود ہونگے۔

عبدوئی میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔