بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

146
File Photo

اطلاعات کے مطابق تربت سے گوادر جانے والی پک اپ گاڑی کارواٹ گوادر میں ٹائر برسٹ ہوجانے کی وجہ سے الٹ گئی۔

حادثے میں ایک خاتون جان بحق جبکہ تین خواتین سمیت متعدد بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو انڈس اسپتال گوادر منتقل کردیا گیا۔

جبکہ عیدالاضحی کے ایام میں بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خواتین سمیت بچوں کی ہلاکت کا اطلاع ہے۔

ضلع حب میں مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جاں بحق ،ایک بچے سمیت 3فراد زخمی ہو گئے۔

حب ندی میں نہاتے ہوئے دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ،ایدھی بحری ریسکیو ٹیم نے لاش پانی سے نکال کر حب اسپتال منتقل کی، ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔

عیدالاضحی تعطیلات کے دوران حب ندی میں پکنک منانے کی غرض سے آنے والے پانی میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے، واقعے کے اطلاع ملنے پر ایدھی بحری ٹیم پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا، ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکال جام غلام گورنمنٹ اسپتال حب پہنچا دی گئیں، جہاں پر انکی شناخت 25سالہ عجب خان ولد ریحان اور 26سالہ عبدالوہاب ولد محمد موسیٰ کے نام ہوئی اور ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثاءکے حوالے کردی گئیں۔

ایدھی ذرائع کے مطابق حب ندی میں نہاتے ہوئے ایک اور شخص ڈوب گیا تاہم ایدھی بحری ٹیم نے فوری ریسکیو کرکے اسے بچایا لیا۔

دریں اثناء دریجی سے حب آنے والی تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نورانی کر اس اور لنگ لوہار کے مابین حاجی ہوٹل کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک بچہ سمیت 3افراد حاجی چاکر خان رند ،علی حسن مری ،غفور رند زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر حب اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

علاوہ ازیں خضدار میں عیدالاضحی کے موقع پر متعد د ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاں بحق جب کہ درجنوں کی تعداد میں منچلے نوجوان زخمی ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران خضدار شہر اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد واقعات میں درجنوں نوجوان زخمی ہوگئے پہلے واقع میں وڈھ کے علاقہ دراکھالہ میں قومی شاہراہ پر کارکی ٹکر سے آٹھ سالہ جواد احمد ولد خدا بخش لانگو موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ دوسرے واقع میں زیدی روڈ پر ویگو گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شاہد احمد موسیانی جا ں بحق ہوگئے علاوہ ازیں درجنوں منچلے نوجوان موٹر سائیکل ون ویلنگ کرتے ہوئے حادثات کا شکار ہوئے واضح رہے کہ جمعہ کو منچلے نوجوان حادثات کا شکار ہوئے۔