بلوچستان: فورسز پر حملہ، کیپٹن سمیت چار اہلکار ہلاک

1176

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس اور ایف سی کی چوکیوں پر حملوں میں پاکستان فوج کے کیپٹن سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شیرانی کے علاقے دانہ سر کے مقام پر پولیس اور ایف سی کی الگ الگ قائم چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حملہ آوروں نے پہلے دستی بم پھینکے اور بعد ازاں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین پولیس اور ایک ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے کپٹن سعید، نائب صوبیدار سمیت دیگر اہلکاروں کی لاشوں کو فورسز نے ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ لگ بھگ دو گھنٹوں تک جاری رہا۔

اس دوران ایک مبینہ طور پر حملہ آور بھی مارا گیا تاہم سیکیورٹی اداروں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے حملہ آوروں کو ان کے ساتھی ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عرفان علی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دانہ سر میں چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ جس میں ایک پولیس افسر سمیت تین اہلکار ہلاک ہوئے۔

شیرانی کے ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جب کہ دو زخمی ہوئے۔ زخمی حملہ آور کو ان کے ساتھی ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوئے جب کہ مارے جانے والے حملہ آور کی لاش انسدادِ دہشت گردی پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دانہ سر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کر دی ہے۔