اسکاٹش جزیرے کے ساحل پر 50 سے زیادہ وہیلز ہلاک

119
فائل فوٹو

ہیبرائڈس کے ساحل پر درجنوں پائلٹ وہیل مچھلیاں پھنس کر مر گئیں اور امدادی کارکن صرف ایک وہیل کو ہی بچا سکے۔ ماہرین کو شبہ ہے کہ شاید ریوڑ کی ایک وہیل بچوں کو جنم دینے کی پریشانی میں مبتلا ہو گئی تھی۔

برطانوی سمندری امدادی کارکنوں نے 16 جون اتوار کے روز بتایا کہ اسکاٹ لینڈ کے ایک دور دراز جزیرے پر ”بڑے پیمانے پر پھنس جانے”  کے ایک واقعے کے نتیجے میں 50 سے زیادہ پائلٹ وہیل مچھلیاں مر گئیں۔

سمندر سے متعلق برطانوی ادارے ‘برٹش ڈائیورز میرین لائف ریسکیو چیریٹی’ (بی ڈی ایم ایل آر) نے کہا کہ آؤٹر ہیبرائیڈز میں آئل آف لیوس کے پاس 55 وہیل مچھلیاں بہہ کر اوپر ساحل پر پہنچ گئیں۔

پولیس نے اتوار کی صبح بی ڈی ایم ایل آر کو ساحل سمندر پر پائلٹ وہیل کے پھنسنے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ اس پر امدادی ٹیم نے  فوری طور طبی امداد فراہم کی اور دو مچھلیوں کو دوبارہ پانی میں کامیابی سے چھوڑنے میں کامیاب ہو پائے، تاہم ان میں سے ایک ہی بچ سکی اور دوسری بے قابو ہو کر مر گئی۔

ادارے نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”بدقسمتی سے کوئی بھی (اس کے علاوہ جسے شروعات میں دوبارہ پانی میں منتقل کیا گیا تھا) اس آزمائش سے بچ نہیں سکی۔”

اسکاٹ لینڈ کی پائلٹ وہیل کو بچانے کی کوشش

گرچہ ان کو پائلٹ وہیل کہا جاتا ہے، تاہم پائلٹ وہیل کا تعلق بھی اسی ایک خاندان سے ہے، جیسے ڈولفن کہتے ہیں۔ وہ لمبائی میں چھ میٹر (20 فٹ) تک بڑھ سکتی ہیں اور ان کا وزن ایک میٹرک ٹن تک ہو سکتا ہے۔

برٹش ڈائیورز میرین لائف ریسکیو چیریٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ”فی الحال اس بات کا شبہ ہے کہ ایک مادہ وہیل کے تولید کے عمل کے گزرنے کی وجہ سے پورا ریوڑ ہی پھنس گیا۔”

امدادی کارکنوں کے مطابق پائلٹ وہیل ”اپنے مضبوط سماجی بندھنوں کی وجہ سے بدنام بھی ہیں، اس لیے اکثر جب ایک وہیل مشکل میں پڑ جاتی ہے اور کہیں پھنس جاتی ہے، تو پھر باقی اس کا تعاقب کرتی ہیں اور اس کی وجہ سے وہ سب کی سب پھنستی چلی جاتی ہیں۔”

اس ادارے کی بنیاد سن 1988 میں رکھی گئی تھی اور برطانیہ بھر میں اسٹریٹجک مقامات پر اس کے پاس 20 وہیل ریسکیو پونٹونز ہیں، تاکہ پھنسے ہوئے وہیل اور ڈولفن کی مدد کی جا سکے۔

سن 2011 اور 2015 کے درمیان اس گروپ نے اسکاٹ لینڈ میں بڑے پیمانے پر پائلٹ وہیل کے پھنسنے یا مشکل میں پڑنے کے وقت انہیں مدد پہنچائی۔ اسی طرح کے ایک واقعے میں اس گروپ نے 70 سے زیادہ پائلٹ وہیل کو موقع پر مدد کر کے بچا لیا تھا۔