خضدار اور پسنی کے تین رہائشی کراچی سے جبری لاپتہ

685
عاصم، محمد، معراج

پاکستانی فورسز نے کراچی سے خضدار کے دو رہائشی چچازاد اور ایک پسنی کے رہائشی نوجوان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی شناخت محمد ولد محمود سکنہ جعفر آباد خضدار، عاصم ولد محمد اعظم اور معراج اسلم ولد محمد اسلم سکنہ پسنی ببر شور کے ناموں سے ہوئی ہے۔

خضدار کے رہائشی لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے مطابق دونوں نوجوانوں کو 16جون 2023 کو فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

اہلخانہ نے انسانی حقوق کے اداروں سے دونوں نوجوانوں کی بازیابی کےلئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انکے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے ان کی آواز بنیں، اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے یا سی ٹی ڈی خدانخواستہ جعلی مقابلے میں انہیں نقصان پہنچائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم حکومت سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں پولیس اور رینجرز سے پوچھنا چاہیے کہ دونوں طالب علموں کو 15 دن گذرنے کے باوجود کیوں کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے؟

دوسری جانب پسنی کے رہائشی لاپتہ ہونے والے نوجوان کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پسنی ببرشور بازار کے رہائشی نوجوان معراج اسلم ولد محمد اسلم کو یکم جون 2023 کو کراچی کے علاقے کلفٹن سے جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق معراج اسلم آپٹک انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی کا طالبعلم ہے جبکہ وہ گلشن اسٹوڈنٹس پلازہ کراچی میں رہائش پذیر تھا۔