تمپ میں بجلی کی طویل بندش، عوام سڑکوں پر

158

کیچ کے علاقے ‏تمپ میں بجلی کی مسلسل غیر معینہ مدت بندش کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ کے مکینوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف شدید گرمی اور سخت دھوپ میں روڈ بلاک کرکے دھرنا دے دیا ہے، دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی ہے-

احتجاج میں مردوں کے ساتھ بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہے-

مکینوں کا کہنا ہے گذشتہ ایک ہفتے سے زائد علاقے میں بجلی بند ہے شدید گرمی کے باعث عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جبکہ بجلی نا ہونے سے مکینوں کو پانی کی فراہمی بھی معطل ہے-

انہوں نے کہا ایک ہفتے سے ہم تمپ اور کیچ کے عوامی نمائندوں اور انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں بجلی نا ہونے سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے ایک تو شدید گرمی اور اگر اب ہماری فصلیں تباہ ہوئے تو یہاں کے مکین بھوک سے مر جائینگے-

احتجاج میں شریک خاتون کا کہنا تھا کہ تمپ کے عوامی نمائندے زبیدہ جلال و دیگر ووٹ مانگنے تو اسلام آباد سے نکل کر تمپ آجاتے ہیں لیکن جب یہاں کے باسی شدید گرمی میں بغیر بجلی اور زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہیں تو یہی عوامی نمائندے منظر سے غائب ہیں۔

مظاہرین نے کہا ہے گذشتہ کئی روز سے بجلی بند ہے ہم نے کیسکو حکام سے بھی رابطہ کیا البتہ ہمیں کوئی جواب نہیں ملا لیکن کیسکو کی جانب سے بل ضرور بھیجے جاتے ہیں-

مظاہرین نے مزید کہا ہے کہ تمپ کے شہری تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے ہیں جب تک انتظامیہ ہماری بات نہیں سنتی یا بجلی بحال نہیں کی جاتی ہے ہم احتجاج پر بیٹھے رہینگے-