بلوچستان نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی ، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ،لوکل بس اینڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ،سپورٹس کلبز کے رہنماﺅں نے عوام کو درپیش مسائل پر 11 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرفوری طور پرانکے حل کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو 24جون کو بلوچستان پل سے صوبائی اسمبلی تک ایک ریلی نکالی جائے گی۔
یہ بات بی این پی کے ارکان اسمبلی ملک نصیرشاہوانی ،اکبر مینگل ، احمد نواز بلوچ ، شکیلہ نوید دہوار ، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،چیئرمین تاجران بلوچستان ٹکری حمید بنگلزئی ، بشیر بنگلزئی ، لوکل بس ایسوسی ایشن کے صدر بابوشفیع لہڑی ، موسیٰ خیل بلوچ ،غلام نبی مری ،لیاقت لہڑی اوردیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔
ملک نصیرشاہوانی نے کہا کہ اسوقت کوئٹہ شہرمیں سرعام منشیات فروخت ہورہی ہے جس سے نوجوان اس لعنت میں مبتلا ہورہے ہیں کوئٹہ باالخصوص سریاب میں منشیات کی فروخت کو روکنے کیلئے اور نوجوانوں کو اس لعنت میں مبتلا کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت منشیات ایک اہم مسئلہ ہے جسے کوئی بھی ذی شعور انسان اسے نظرانداز نہیں کرسکتا منشیات کی لعنت نے سریاب کومکمل لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے نوجوان بچے اورخواتین بھی متاثریا اس لعنت میں پھنس چکے ہیں اس لعنت کوپروان چڑھاناایک سوچی سمجھیسازش ہے کہ سریاب جوکوئٹہ کاقدیم اور تاریخی علاقہ رہاہے جوامن آشتی پرامن وپرفضا علم تحقیق روایات تقدس انسانیت سیاسی وسماجی انسانی باہمی رواداری کا سرزمین رہاہے جسے منشیات کے گورکھن دھندے کے تحت زہرآلود بنایاجارہاہے جس پر حکومتی سردمہری یاچشم پوشی قابل مذمت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل حل اورلوکل بس والوں کو اسٹاپ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،
انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ ق،مبرانی روڈ لنک ،مارکیٹ ہزارگنجی روڈ، مغربی بائی پاس ،سبزل روڈ، لنک سریاب ق،مبرانی بائی پاس روڈکی تعمیرمیں سست روی کا شکار ہے اور تعمیر میں غیر معیاری اور ناقص میٹریل استعمال کا نوٹس لیا جائے اور علاقہ کے تاجروں اور مکینوں کو معاوضے کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہراور سریاب میں بجلی اور گیس کی بلاجواز بندش و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے شہر میں غیر اعلانیہ گیس ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی کمی ، ڈاکٹروں اور ادویات کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بی ایم سی میں براہوئی زبان کے گلوکار خالق فرہاد کی ہمشیرہ کے دوران علاج موت کا فوری نوٹس لیا جائے اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباءکو بہت سے مسائل درپیش ہیں اور اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے جبکہ پرائیویٹ اسکولون میں چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے حکومت سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کی کمی کو دور کرے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں حکومت کھیلوں کے میدانوں کی فراہمی اور نوجوانوں کھیلوں کے بہترین مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنائے،شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتیں قابل تشویش ہے امن و امان کی صورتحال روز بروز خراب ہورہی ہے پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے چوری اورڈکیتی میں ملوث عناصر کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ کی آبادی و ضڑوریات کو مد نظر رکھتے ہوئے شرایب نادرآفس کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول کے کاروبار پر پابندی کی وجہ سے نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہوگئی ہے حکومت فوری طور پر ایرانی پٹرول کی فروخت پر پابندی ختم کرے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اسوقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اورترقیاتی کام انتہائی سست روی کا شکار ہیں تودوسری طرف ترقیاتی کاموں میں ناقص اور غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جارہا ہے حکومت ترقیاتی کاموں میں تیزی لائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہمارے چارٹرآف ڈیمانڈ پرعملدرآمد اور مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی ، مرکزی انجمن تاجران ، ،لوکل بس اینڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ،سپورٹس کلبز24جون کو بلوچستان پل سے صوبائی اسمبلی تک ایک احتجاجی ریلی نکالیں گے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔