بی این پی مینگل کا منشیات کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج

129

سریاب میں منشیات فروشی و جرائم پیشہ افراد کے خلاف احتجاج اور ریلی نکالی گئی-

بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر منشیات کی کھلے عام فروخت ہونے اور پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی نا کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی-

مظاہرین نے سریاب روڈ سے بلوچستان اسمبلی کے مرکزی شاہراہ تک ریلی نکالی جہاں بعد میں مظاہرین نے دھرنا دیکر صوبائی اسمبلی جانے والے راستے کو بلاک کردیا-

اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھائے ہوئے تھے جن پر کوئٹہ پولیس اور بلوچستان حکومت کے خلاف نعرے درج تھے-

مظاہرین کا کہنا تھا پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جبکہ صوبائی حکومت کے غفلت کے باعث کوئٹہ کے شہری منشیات کے استعمال میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ تمام تر شکایات کے باوجود پولیس منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی نہیں کررہی-

مظاہرین نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں بیٹھے عوامی نمائندے عوام کی بربادی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جرائم پیشہ افراد اور منشیات کے کاروباری دھندناتے سڑکوں پر منشیات بیچ رہے ہیں-

بی این پی مینگل نے حکومت اور کوئٹہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ خاص کر سریاب روڈ پر منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے نوجوانوں کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جائے بصورت دیگر پارٹی شدید احتجاج پر مجبور ہوگی-