کیچ اور بارکھان میں دھماکے، دو افرادہلاک، دو زخمی

430

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ہن ندی کے قریب ایک دھماکے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ بلیدہ میں ہونے والے ایک دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

منگل کی صبح لیویز حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارکھان میں ایک دھماکا ہوا ہے۔ ہن ندی کے قریب ہونے والے دھماکے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام نے متاثرین کو اسپتال منتقل کردیا، جبکہ پولیس اور سکیورٹی ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دوسری جانب ضلع کیچ سے اطلاعات ہیں کہ بلیدہ کوشک میں بم پھٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تربت پولیس کے مطابق بلیدہ کے علاقے کوشک میں بم پھٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت حلیم ولد کریم جان اور طارق ولد یار محمد ساکنان کوشک بلیدہ سے کی گئی ہے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک شخص شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے جبکہ دوسرے کی حالت قدرے بہتر ہے۔