قلات: فورسز کیمپ پر حملہ

628

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق قلات کے تحصیل منگچر میں پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت متعدد دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سنی گئی۔

حملے کے بعد فورسز کی بڑی نفری نے مرکزی شاہراہ سمیت علاقے میں دیگر مقامات پر ناکہ بندی کرکے گشت میں اضافہ کردیا۔

قلات شہر و گرنواح میں پاکستانی فورسز کو بلوچ مسلح آزادی پسند مختلف نوعیت کے حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ان حملوں میں پاکستانی فورسز کو جانی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

گذشتہ روز ضلع کیچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ سمیت پوسٹوں کو نشانہ بنایا تھا۔

بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں بتایا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے کیچ کے علاقے تجابان، کرکی اور  کولواہ میں قابض پاکستانی فوج کو تین مختلف حملوں میں نشانہ بنایا، حملوں میں تین دشمن اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے جبکہ دشمن کا ایک سرویلینس ڈرون بھی مار گرایا۔

دریں اثناء گوادر سے پنجاب گیس لیجانے والی ایک ٹینکر کو ماھکول کے مقام پر نامعلوم افراد نے بم حملے میں نشانہ بنایا۔ اس حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی۔